اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ” فچ“ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے پر خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا، وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے، پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے ثمرات عوام تک پہنچا کر دم لیں گے، فچ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی رپورٹس پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے اہم ہیں، پاکستان کی معاشی بہتری کے راستے پر مزید محنت اور جذبے سے آگے بڑھیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ امید ہے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کی معاشی بہتری اور سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا، سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید ایک فی صد کمی کا اعلان بھی معاشی بہتری کی ایک اور جھلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے افراط زر میں مزید کمی ہوگی، کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔