کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ فلسطین میں روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ شہید ہو رہے، خواتین اور بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، ایک سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا گیا، قتل عام کے باوجود امریکہ اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔
سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے تحریک شروع کی ہے، تہران میں فلسطینی رہنما کو نشانہ بنایا گیا، اسماعیل ہانیہ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ مظاہروں میں شرکت کریں، ظالمانہ عمل کے خلاف آواز اٹھائیں گے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اسماعیل ہانیہ کے قتل کے خلاف قراردادیں پیش کریں گے۔