پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور سرکار پارلیمنٹ میں قانون سازی کیساتھ مذاق کرنا بند کرے۔
2017الیکشن ترمیمی ایکٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47 کی حکومت نے 24گھنٹوں میں الیکشن ترمیمی ایکٹ کو پر لگا دیئے،جس تیزی سے الیکشن ترمیمی ایکٹ پر کام کیا جارہا ہے شاید گنیز بک آف ورلڈ میں ریکارڈ بھی بن جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کو اسمبلی ایجنڈے میں شامل کیا اور پھر چند گھنٹوں کے اندر کمیٹی سے بھی منظور کرا لیا،مینڈیٹ چور سرکار پارلیمنٹ میں قانون سازی کیساتھ مذاق کرنا بند کرے۔
ان کامزید کہنا ہے کہ قوم کو سب علم ہے کہ جعلی وزیر قانون کس کے اشاروں پر غیر آئینی اقدامات کررہے ہیں،جعلی حکومت کے جعلی ترامیم واپس انکے منہ پر ہی لگیں گے،جعلی حکمران اپنی حکومت بچانے کے لئے آئین وقانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں،یہ کچھ بھی کرلیں انکا آخری وقت آپہنچا ہے۔