اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارشدشریف قتل کیس میں پریکٹس پروسیجر کمیٹی نے از خود نوٹس کی سماعت کیلئے پانچ رکنی بینچ تشکیل دیدیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل پانچ رکنی بینچ سے سربراہ ہوں گے، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل ہیں، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس اطہر من اللہ بھی بینچ میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کی تشکیل کا فیصلہ دو ایک کے تناسب سے ہوا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تین رکنی بینچ برقرار رکھنے کی رائے دی، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر نے جسٹس مندوخیل کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دینے کی رائے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی اکثریتی رائے پر جسٹس مندوخیل سربراہی میں لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ ہوا، کمیٹی کا تشکیل کردہ نیا بینچ ججز کی دستیابی پر ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کرے گا۔