وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایئرایمبولینس پراجیکٹ پر اظہار اطمینان

Published On 03 August,2024 10:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایئرایمبولینس پراجیکٹ پر اظہار اطمینان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ملاقات کی جس میں ایئر ایمبولینس پراجیکٹ اور موٹروے ریسکیو 1122 سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ایئر ایمبولینس پائلٹ رن سے آگاہ کیا گیا، بہاولنگر اور میانوالی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مریضوں کی منتقلی بارے بتایا جبکہ دیگر شہروں میں ایئر ایمبولینس کی لینڈنگ کے انتظامات پر بھی بریف کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایئر ایمبولینس کے لئے نئے جہازوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سینٹرل پنجاب میں ہنگامی حالت کی صورت میں مریض کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے ایئر ایمبولینس پراجیکٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے موٹرویز پر ریسکیو سروسز کے جلد آغاز کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوچکا،ہارٹ اٹیک،ہیڈ انجری اور سپائنل انجری کی صورت میں مریض کا گولڈن آور میں ہسپتال پہنچنا ضروری ہے، گولڈن آور میں مریض کی بڑے ہسپتال منتقلی بہت بڑا ٹاسک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی جان قیمتی ہے، ایئر ایمبولینس سے دور دراز کے مریض کو علاج کیلئے بڑے ہسپتال پہنچایا جا سکے گا، ایئر ایمبولینس پراجیکٹ عوام کیلئے ہے، ایمرجنسی کی صورت میں جان بچائی جا سکے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ موٹرویز کے انٹر چینج پر ریسکیو 1122 ایمبولینس موجود ہوگی، موٹرویز پر حادثات کی صورت میں ریسکیو ایمبولینس کا فورا پہنچنا ممکن ہوگا، پنجاب موٹرویزپر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا، ریسکیو سروسز میں پنجاب، پاکستان ہی نہیں جنوبی ایشیا میں رول ماڈل بن چکا ہے۔







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے