اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے اول دستے کا کردار ادا کیا۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا،شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے، وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکیج دیا تھا۔