جماعت اسلامی کا دھرنا 14 ویں روز میں داخل، مذاکرات کا پانچواں دور آج

Published On 08 August,2024 08:49 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مہنگائی اور مہنگے بجلی بلوں کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 14 ویں روز میں داخل ہو گیا جبکہ حکومت کیساتھ مذاکرات کا 5 واں دور آج شام کو ہوگا۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کے دھرنے کا آج 14 واں روز ہے، دھرنے کے شرکاء نے نماز فجر پنڈال میں ادا کی جس کے بعد معمول کے مطابق شرکاء کیلئے حلوے اور نان کے ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے آج مطالبات کے حق میں مری روڈ پر مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان بات چیت کا پانچواں دور آج شام کو ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج کا دن بہت اہم ہے، آج آگے کی طرف مارچ کریں گے، جماعت اسلامی قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس دھرنے میں مقاصد حاصل کر لیے تو یہ نقطہ آغاز ہو گا انجام نہیں، اس کے بعد ایک بڑی جدو جہد کریں گے، سارے سیاسی قیدیوں کو آزاد ہونا چاہیے، حق دو عوام کو تحریک مزید آگے بڑھے گی۔

علاوہ ازیں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذکرات کا چوتھا دور بھی بے نتیجہ ہی ختم ہوا تھا، مذاکرات کی کامیابی میں آئی پی پیز کا مسئلہ رکاوٹ بن گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اب تک کی حکومتی پیش رفت سے متعلق مسودہ پیش کیا جبکہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومتی مسودے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومتی مسودے پر حافظ نعیم الرحمان سے مشاورت کے بعد جواب دینے کاعندیہ دے دیا جبکہ حکومتی کمیٹی کی استدعا پرلیاقت بلوچ نے مذاکرات جاری رہنے تک مارچ کو مری روڈ تک محدود رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔