کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پرتوجہ دینا ہوگی۔
کراچی میں بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، آئندہ سال کیلئے زرعی برآمدات کا ہدف 7 ارب ڈالر ہونا چاہیے، 7 ارب ڈالر کا ہدف مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں، ملک میں زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، 3 ارب ڈالر تک کی زرعی اجناس ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے بہت مواقع ہیں، جدید ٹیکنالوجی، تحقیقات و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر سال ایک ہزار گریجویٹس کو زرعی تربیت کیلئے چین بھجوایا جائے گا، ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پرتوجہ دینا ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ارشد ندیم پر فخر ہے، ارشد ندیم کی کامیابی پر ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں، 40 سال بعد پاکستان نے اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے، وقت آگیا ہے کرکٹ، ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور زرعی شعبے میں بہترین برآمد کنندگان میں ایوارڈز تقسیم کیے۔