پشاور : (دنیانیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکا اہم اقدام ، پولیس ریسکیو ودیگر محکموں کے دوران ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹس دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ ہاؤسنگ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ، فیصلے کے مطابق پاک فوج اور ایف سی کے شہداء کے ورثاء کو بھی پلاٹس دیئے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پلاٹس الاٹمنٹ کا آغاز سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں دستیاب 500 پلاٹس سے کیا جائے، شہداء کے ورثاء کو پلاٹس دینے کا مقصد خاندانوں کی معاشی سپورٹ کرنا ہے۔
علی امین گنڈاپورنے کہا کہ شہداءنے ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے جو قربانیاں دیں ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جاسکتا۔
وزیراعلیٰ نے ہنگو، نوشہرہ، پشاور، سوات،ایبٹ آباد میں پلاٹوں سے شہداء خاندانوں کو الاٹمنٹ جلد کرنے کی ہدایت کردی۔