ہم ایٹمی طاقت ہیں ہمیں معاشی قوت بننا ہوگا: اسحاق ڈار

Published On 14 August,2024 08:36 am

اسلام آباد :(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں ہمیں معاشی قوت بننا ہوگا۔

اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، اس ملک میں بہت صلاحیت ہے، میرا سیاسی کیریئر 31سال پر محیط ہے، پاکستان جب بھی ٹیک آف کرتا ہے،چھپے ہاتھ پھر گرادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2017میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، ساری دنیا پاکستان کی پذیرائی کررہی تھی،2017میں 6فیصد گروتھ تھی، ہماری دنیا کی 5ویں بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی تھی، پاکستان میں ناراض ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، کچھ لوگ گھبراتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ پتہ نہیں کیا ہوا، اللہ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جب بیرون ممالک جاتا ہوں تو لوگ کہتے ہیں آپ کے ملک کا 130ارب ڈالر کا قرضہ ہے، پاکستان کو اللہ نے 10ہزار ارب ڈالر سے زیادہ معدنیات سے نوازا ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت بھی ہیں، ہم نے مل کر اس ملک کو معاشی قوت بنانا ہے،ہمارے نصیب میں جو اللہ نے لکھا ہے اسے حاصل کرنا ہے، گزشتہ چند سالوں میں پاکستان 24ویں سےگرکر 47ویں معیشت پر آگیا، وزیراعظم اس کوشش میں ہیں کہ معیشت کو بہتر، جی ڈی پی گروتھ بڑھائی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے دشمن آپ کو ٹریپ کرتے ہیں، منفی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اقلیتوں کے لیے بھی ہمارے دلوں میں بہت قدر ہے، بلوچستان کو اللہ نے بہت نوازا ہے، ہم نے صوبوں سے فاصلوں کو دور کرنا ہے، این ایف سی ایوارڈ میں مزید بہتری کرنی ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ابھرتا ہوا ستارہ اور اسلامی ممالک کا قلعہ بنے گا۔