اسلام آباد: (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت آصف زرداری نے 104 پاکستانی اور غیر ملکی افراد کو اعزازات دینے کی منظوری دیدی۔
ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق اعزازات 23 مارچ 2025ء کو خصوصی تقریب میں دیے جائیں گے۔
نمایاں خدمات کے اعتراف میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کو نشانِ پاکستان جبکہ کھیل کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز اور مراد سدپارہ کو ستارۂ امتیاز عطا کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی مرحوم کو نشانِ امتیاز بعد از وفات جبکہ پرنس عبدالعزیز بن سلمان السعود کو ہلالِ پاکستان اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عامر حفیظ ابراہیم کو بھی ہلالِ امتیاز عطا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ڈاکٹر غلام محمد علی اور سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو کو ستارۂ امتیاز جبکہ ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر رفیع الدین اور پروفیسر ڈاکٹر عثمان قمر کو تمغۂ امتیاز عطا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
بہادری کے اعتراف میں سب انسپکٹر تیمور شہزاد شہید، سپاہی محمد آصف شہید، ایس پی محمد اعجاز خان شہید، ڈی ایس پی سردار حسین شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، ایل ایچ سی محمد فاروق شہید، ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ، اللہ رکھیو نندوانی، کانسٹیبل جہانزیب اور کانسٹیبل ارشاد علی شہید کو ہلالِ شجاعت عطا کیا جائے گا۔
ملک سبز علی شہید اور کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ انجم کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق چانگ باؤ چُنگ اور شن من لیو کو تمغۂ قائد اعظم عطا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، فریحہ پرویز، عماد شکیل بٹ ، میر نادر خان مگسی ، بیرسٹر ظفراللہ، منیزہ ہاشمی، خواجہ انور مجید، حسین داؤد کوبھی اعزازت سے نوازا جائےگا۔
اس کے علاوہ شعبۂ طب، ادب اور فنون سمیت ٹیکس گزاروں اور ایکسپورٹرز کو بھی ایوارڈ عطاء کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔