کراچی (دنیا نیوز) سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آج پورا پاکستان 77 ویں یوم آزادی کا دن ایک ہو کر منا رہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مخصوص بچے ہمارے لئے خاص ہیں، تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان بچوں کی خدمت کرنی ہے، آج کے دن ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں اپنے ملک کو مضبوط سے مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم یوم آزادی، عید یا کسی بھی اور تہوار کے مقابلے میں پورے جوش و خروش سے مناتی ہے، ہندو برداری ہولی جبکہ مسیحی برادری کرسمس اوردوسرے تہوارمناتی ہے لیکن پوری قوم یوم آزادی کا دن ایک ساتھ مناتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مختلف مذاہب پاکستان کی خوبصورتی ہیں، ہم سب متحد ہیں اور آج پورا پاکستان 77 ویں یوم آزادی کا دن ایک ہو کر منا رہا ہے، ہمارا ملک طاقتور اور مضبوط ملک ہے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات، رنجشیں اور تمام دوریاں ختم کر کے نفرت کو دفن کر دینا چاہیے، ہم سب ملک کی خدمت اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، ہم ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی مسائل سے نکالیں گے۔