اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں پیپلزپارٹی کے وفد میں شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف شامل تھے، مسلم لیگ ن سے اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ بھی ملاقات میں شامل ہوئے، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں مہنگائی اور بجلی کے زیادہ بلوں کا معاملہ اٹھایا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھی ملک سے مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں، حکومت عوام دوست پالیسیاں بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے پنجاب میں تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت میں پیپلزپارٹی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔