پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان بارے نااہل حکومت پراپیگنڈہ کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی میں پارٹی پر قبضہ کی خبریں مینڈیٹ چور حکومت کی خواہش ہوسکتی ہے مگر حقیقت نہیں، پارٹی عمران خان کی ہے اور وہ خود تمام معاملات دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متفق متحد اور منظم ہے، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان بارے نااہل حکومت پراپیگنڈہ کر رہی ہے، اختلافات شریف خاندان میں ہے جس کے مزے عطاء تارڑ خود لے رہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز اور نواز گروپ کی آپس کی لڑائی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، دونوں بھائی میڈیا کے سامنے کچھ اور اندر کچھ اور ہوتے ہیں، دونوں گروپ پارٹی پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔