فیصل آباد: (دنیانیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی ۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت فیصل آباد میں 9 مئی مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پیش ہوئے، عدالت نے علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 12 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور خصوصی سکیورٹی پروٹوکول میں واپس روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔