اسلام آباد: (دنیانیوز) مسلم لیگ ن رہنما طلال چودھری کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) دھڑے بندی کا شکار ہوچکی اور اقتدار میں آنے کیلئے این آر اومانگ رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن رہنما طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی الگ الگ گروپوں میں تقسیم ہوتی جارہی ہے اور یہ تقسیم پیسوں کی بندر بانٹ پر ہے ، اب یہ تقسیم واضح نظر آرہی ہے، کوئی علیمہ ، کوئی بشریٰ اور کوئی گنڈاپور گروپ ہے، خود کو انقلابی کہنے والے خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکیں بنانے کے پیسے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جیب میں جارہے ہیں،خیبرپختونخوا میں کرپشن پر نیب کو نوٹس لینا چاہیے ۔
لیگی رہنما نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلطی کی نشاندہی کرنے والے کو فارغ کردیتے ہیں، پہلے شکیل خان نے جو شکایت لگائی تو وہ فارغ ہوگئے، ان کا پورا بیانیہ ہی کرپشن اور الزامات پر کھڑا ہے، بی آرٹی اورسونامی ٹری کس کس پراجیکٹ کی مثالیں دی جائیں، آج کل 190ملین پاؤنڈ کیس سے دوڑ رہے ہیں۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ جلسوں اور دھرنوں کی دھمکیاں دیتے ہیں، جیسے ہی سکینڈل آیا علیمہ خان نے پشاور کا دورہ کیا، جب بھی بات کریں گے این آراو اورسزاؤں سے بچنے کیلئے ، یہ تماشہ لوگ دیکھ رہے ہیں اور ہنس رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ جب بھی حکومت میں بیٹھنے کی بات کرے گی یہ این آر او کی بات کریں گے یہ ان چیزوں کی بات کریں گے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی پی ٹی آئی نے کبھی مذمت نہیں کی ، ذمہ داری نبھانے کے بجائے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔