اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق سکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کے لیے ایس پی صدر کو اگلے ہفتے تک کا وقت دے دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے عمر سلطان کی بازیابی کیس کی سماعت کی، عدالت نے ہدایت کی کہ ایس پی صدر معاملے کو خود دیکھیں اور انویسٹی گیشن کر کے عدالت کو آگاہ کریں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ہے یا نہیں ہے؟ غلط بیانی نہ کریں، ایس پی صاحب آپ بتائیں۔
ایس پی خان زیب خان نے بتایا کہ جی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے، ہم اسے دیکھ رہے ہیں اور تحقیقات چل رہی ہیں، چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ آپ اس معاملے کو خود دیکھیں اور نئی رپورٹ دیں۔
چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش پولیس نے کرنی ہے میں نے نہیں کرنی، آپ کے پاس کیس سے متعلق کچھ ہے تو وہ پولیس کو فراہم کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایس پی صدر خان زیب انویسٹی گیشن کریں گے، آپس میں کوآرڈینیشن کرلیں جو چیز سامنے آئے ایس پی کو بتائیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس کو پیر کے لیے رکھیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پیر سے متعلق ججز روسٹر جاری ہو گا اس کے مطابق دیکھیں گے۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عامر سلطان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔