پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے 31 صفحات پر مشتمل ایس او پیز جاری کئے جس میں صوبائی حکومت کو مختلف اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق سی پیک منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کیلئے ایس او پیز الگ ہوں گے، غیرملکی سیاح، صحافی، کھلاڑی اور طلبہ کیلئے الگ الگ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
کاروبار اور مذہبی سرگرمی کیلئے آنے والے غیر ملکیوں کیلئے الگ انتظامات کرنا ہوں گے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ تمام اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنائے جائیں، تمام غیر ملکیوں کا منظم طریقے سے ڈیٹا مرتب کرنا لازمی ہوگا، کسی بھی ضلع میں جاتے ہوئے متعلقہ پولیس سربراہ سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
دستاویز میں ہدایت کی گئی کہ غیر ملکیوں کی رہائش گاہ پر سکیورٹی بڑھائی جائے، غیر ملکیوں کے ہوٹل، ریسٹ ہاؤس اور رہائش پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، کسی بھی علاقے کے دورے سے قبل غیر ملکیوں کو بریفنگ دینا لازمی ہوگا۔