پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
ایمل ولی خان نے گورنر کے منصب پر تعیناتی پر فیصل کریم کنڈی کو مبارکباد پیش کی، سینیٹر ایمل ولی خان نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کا بھی وزٹ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال انتہائی پریشان کن اور صوبہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب ہے، قیام امن میں عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مرکز سے صوبہ کے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی قیادت کو متحد کرنے کی کوششیں جاری ہیں، صوبہ میں تعلیم کی صورت حال ابتر ہے، حکومتی عدم توجہی نے یونیورسٹیوں کو تباہ کیا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے میں گورنر خیبرپختونخوا کی کوششیں لائق ستائش ہیں، عوامی نیشنل پارٹی صوبہ کے حقوق اور قیام امن میں ہرممکن تعاون کرے گی، صوبہ کو ایک متحرک محنتی گورنر ملا ہے جس کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی تعاون کرے گی۔