صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوریت، قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ

Published On 15 September,2024 10:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے، انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت کو بڑھانے، احتساب اور سرکاری انتظامیہ کی استعداد کار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

آصف زرداری نے جمہوریت کے تحفظ، عوامی تحفظات کو دور کرنے اور عوام کی شمولیت کیلئے پالیسیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے میں پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف
دوسری جانب اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیرمتزلزل ہے، جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرز عمل کا عکاس ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے قیام کی کوششوں کا عزم کرتے ہیں۔