اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کے لیے نشان امتیاز کی سفارش کر دی۔
صدر مملکت نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کو جمہوریت،اتحاد اور انصاف کیلئے غیر متزلزل لگن کے اعتراف میں نشان امتیاز (بعد از مرگ) دینے کی سفارش کی ہے۔
آصف علی زرداری نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کریں، نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے، صدر مملکت نوابزادہ نصر اللہ خان کی زندگی جمہوریت کی ترقی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کے لئے وقف تھی۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بے مثال دیانت، رواداری اور جمہوری اقدار آئندہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں گی۔