اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرنے کا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے جیسے ہی کوئی فیصلہ ہوگا تو اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اجلاس کے حوالے سے اس سے پہلے بھی کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 2 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں کا ان کیمرہ اجلاس طلب کیا ہے۔