اسلام آباد : (دنیانیوز) نئے چیف جسٹس کی تقرری کے معاملے پر رجسٹرار نے چیف جسٹس کی جانب سے تین نام کمیٹی کو بھجوا دیئے۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس کی جانب سے تین نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے ہیں۔
وزارت قانون کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا تھا جس میں تین سینئر ترین ججوں کے نام نئے چیف جسٹس کے لئے مانگے گئے تھے۔
چیف جسٹس کیلئے بھیجے گئے 3 ناموں میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔
26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا اور نئے چیف جسٹس کی تقرری موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے تین روز قبل کی جائے گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ریٹائرمنٹ سے قبل چیمبر ورک پر چلے گئے ہیں جہاں وہ ان دنوں فیصلے لکھیں گے۔
سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں میں پہلے نمبر پر جسٹس منصور علی شاہ، دوسرے نمبر پر جسٹس منیب اختر اور تیسرے نمبر پر جسٹس یحییٰ آفریدی ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے تقرر کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کے آٹھ اور اپوزیشن کے چار ارکان شامل ہیں، قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق اس پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ سے چار ارکان شامل ہیں جن میں سے دو کا تعلق حکومت اور دو کا اپوزیشن سے ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کیلئے سینیٹ سے چار نامزد ممبران مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ، پیپلزپارٹی کے فاروق ایچ نائیک، پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر اور جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔
اسی طرح خصوصی پارلیمانی کمیٹی کیلئے قومی اسمبلی کے 8 اراکین میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رعنا انصار بھی خصوصی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں۔