عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب

Published On 05 November,2024 11:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر صوبائی حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور خفیہ مقدموں میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے صوبائی حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت 9 مئی اور توشہ خانہ کیس میں جیل میں قید ہیں، خدشہ ہے کہ عمران خان کے خلاف نامعلوم مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور عمران خان کی خفیہ مقدمات میں گرفتاری روکنے کا حکم دے۔