اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے سیاسی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہنگامی بنیادوں پر دو بڑے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے، این 25 کو دو سال میں مکمل کیا جائے گا، یہ شاہراہ منی موٹر وے کی صورت اختیار کرے گی، ایم 8 پر بھی کام کی رفتار تیز کی جائے گی، ژوب سے کوئٹہ تک سڑک کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انفراسٹرکچر کی تعمیر مرحلوں میں ہوتی ہے، پہلے سادہ سڑک بنتی ہے پھر اسے ڈبل کیا جاتا ہے، جب ٹریفک بڑھ جائے تو موٹر وے بنتی ہے، جو لوگ بلوچستان میں موٹر وے نہ ہونے کی شکایت کرتے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ کراچی سے حیدرآباد تک سپر ہائی وے کئی سالوں تک رہی، وقت کے ساتھ ضرورت بڑھی تو موٹر وے بنائی گئی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے گوادر کا دو دن کا سفر کم کرکے 8گھنٹے کا ہو گیا ہے، ڈی جی خان کو بلوچستان سے منسلک کیا گیا ہے، خضدار سے رتوڈیرو کو جوڑا گیا ہے، بلوچستان کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے سب سے زیادہ فنڈز فراہم کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوالوشن کے دوران تجویز دی تھی کہ صوبوں کی صلاحیت کو بہتر کیا جائے جس صوبے میں صلاحیت ہوگی وہ تیزی سے ترقی کرے گا، محدود صلاحیت والے پیچھے رہ جائیں گے۔