حسن نواز کا دیوالیہ پن 29 اپریل 2025 کو ختم ہو جائے گا

حسن نواز کا دیوالیہ پن 29 اپریل 2025 کو ختم ہو جائے گا

قانونی ذرائع کے مطابق ایچ ایم آر سی اور حسن نواز کے درمیان ٹیکس کے تنازع کی رقم10 لاکھ پاؤنڈز سے کم ہے، ٹیکس کا تنازع، دھوکہ دہی یا منی لانڈرنگ کی تحقیقات نہیں ہو رہیں، حسن نواز کیخلاف تمام آپشنز ختم ہونے پر دیوالیہ پن قرار دینے کیلئے لندن ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ترجمان ایچ ایم آر سی کا کہنا ہے کہ رازداری کے قوانین کے سبب حسن نواز کے کیس کی تفصیلات شیئر نہیں کرسکتے، حسن نواز اور محکمہ ٹیکس ایچ ایم آر سی کے درمیان ایک کمپنی کے ٹیکس کا تنازع2020 میں شروع ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق تنازع کے آغاز کے وقت پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، حسن نواز نے ایک غیر فعال کمپنی کا ٹیکس ادا کرنے سے انکار کردیا تھا، حسن نواز کو دیوالیہ قرار دینے کا فیصلہ تیسری سماعت میں جج مولن کی عدالت میں ہوا۔

حسن نواز کا دیوالیہ پن ڈیڑھ برس سے کم عرصہ میں ختم ہوجائے گا لیکن چھ برس تک مالیاتی ریکارڈ پر موجود رہے گا، حسن نواز اب بھی متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، کمپنیز ہاؤس کے ریکارڈ کے مطابق وہ پاکستانی شہری ہیں۔

کیس کی تفصیلات سے واقف ذرائع کے مطابق حسن نواز نے رابطہ کئے جانے پر جواب نہیں دیا، یہ کسی جرم، دھوکہ دہی یا منی کانفرنس کا معاملہ نہیں بلکہ سول کیس ہے۔