سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کیساتھ دشمنی ہے: وزیر اعظم

Published On 22 November,2024 05:58 pm

تونسہ شریف: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ بھائی بن کرمدد کی، سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟، ان کو اندازہ نہیں اس بیان سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہوگا۔

وزیراعظم نے تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے کچھی کینال بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، مشرف دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشرف دورمیں غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا، نوازشریف دور میں اس منصوبے کا آغاز ہوا، اس منصوبے کے اصل محسن نوازشریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کو 2022 کے سیلاب سے بہت نقصان ہوا، کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کو بھی مکمل کریں گے اور اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں کینسر ہسپتال کی تعمیر جاری ہے، پنجاب میں مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت کے ثمرات جلد صوبے کے عوام کو ملیں گے، ہم سب مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادرملک ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی جس کی مثال نہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے لیے دروازے کھولے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اربوں ڈالرز کے معاہدے ہوئے ہیں، کوئی بھی حکومت ہو سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، شاہ سلمان پاکستان کے لیے نیک جذبات رکھتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف زہرآلودہ بات ناقابل معافی جرم ہے، کوئی ایسا ہاتھ جو پاکستان سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ بنے گا اسے توڑ دیں گے، ایسا الزام لگایا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، اپنےسیاسی مفاد کے لیے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔