جناح ایونیو پر کارکن بیٹھ گئے، کسی چوک پر بیٹھنا کوئی جرم نہیں: شیخ وقاص اکرم

Published On 26 November,2024 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جناح ایونیو پر کارکن بیٹھ گئے ہیں، کسی چوک میں بیٹھنا کوئی جرم نہیں ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا مہر بخاری کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی والی فضول باتیں ہیں، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے، ہم چوک پر آکر بیٹھ گئے اس لیے ریاست کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف نے کہا کہ کرائے پر بندے لانے والی بات بچوں والی ہے، نیوز چینلز پر حملہ کرانا تحریک انصاف کے خلاف شرارت ہے، میڈیا تو ہماری آواز ہے، نیوز چینلز پر حملہ کرنے والوں کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہے۔

مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بالکل مذاکرات نہیں ہو رہے، منسٹر انکلیو میں مذاکرات والی خبریں غلط تھیں۔