عارف علوی کی 3 مقدمات میں 20 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

Published On 04 December,2024 01:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے 3 مقدمات میں عارف علوی کی ضمانت منظور کی، سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ پرامن احتجاج کے باوجود مختلف دہشت گردی ایکٹ سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اب تک کی معلومات کے مطابق عارف علوی کے خلاف میانوالی، ٹیکسلا اور راولپنڈی میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ عارف علوی کے خلاف مقدمات کے اندراج کا مقصد سیاسی دباؤ میں لانا ہے، متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کے لیے 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرسکیں۔

درخواستگزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کو درخواست گزار کی گرفتاری سے روکا جائے، عارف علوی کا نام نامعلوم ایف آئی آرز میں شامل کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے کہا ہے کہ کیس کی مزید سماعت کے لیے معاملہ آئینی بنچ کو بھیجا جا رہا ہے، مقدمات کی تفصیلات سمیت دیگر معاملات آئینی بنچ دیکھے گا۔