ایڈز کیخلاف قومی حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کیلئے پر عزم ہیں: وزیراعظم

Published On 01 December,2024 10:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایڈز (ایچ آئی وی) کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ایڈز کے خلاف مہم میں کوئی پیچھے رہ نہ جائے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کی پاسداری اور تمام برادریوں کی شمولیت کو فروغ دینا ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز نہ صرف صحت کا ایک چیلنج بلکہ ایک اہم سماجی و اقتصادی مسئلہ ہے جو کہ معاشی نظام کے لئے بھی ایک خطرہ ہے، ایڈز کی جانچ اور علاج کی کوریج میں ایک خلاء ہے جس کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا بڑھ رہی ہے جس کے لئے اختراعی اور پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے، مساوات اور شمولیت پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے ہی ہم ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں، مضبوط سیاسی ارادہ اور مؤثر قیادت قومی ایچ آئی وی حکمت عملی کو نافذ کرنے کیلئے ضروری ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ایڈز سے پاک ملک کیلئے متحد ہو جائیں، ایڈز سے پاک مستقبل صرف اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جو انسانی وقار، مساوات اور شمولیت کو فروغ دے۔