لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، آج کے دن پاکستان نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی بربریت سے غزہ لہولہان ہے، اسرائیلی دہشتگردی سے اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہداء میں 50 فیصد سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں، اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ہزاروں ٹن دھماکا خیز مواد استعمال کیا۔
اسرائیلی بمباری سے ایک لاکھ 50 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا، اسرائیلی بربریت سے غزہ کے نہتے عوام کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ اسرائیلی دہشتگردی سے سینکڑوں ڈاکٹرز، صحافی اور وکلاء بھی شہید ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ نے عالمی پائیدار امن کیلئے فلسطین کا دو ریاستی حل ناگزیر قرار دیا تھا۔
علاوہ ازیں پاکستان نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر فلسطین میں اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، اسرائیلی قبضہ، عالمی قوانین کی مسلسل بے توقیری خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری پر روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس دن کی مناسبت سے اسرائیلی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، خطے اور عالمی امن کیلئے فلسطین میں فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔