اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تشدد، تباہی اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش تکالیف ختم کر سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاہدے کے تحت کئے گئے اپنے تمام وعدوں کا مکمل احترام کریں اور ان پر تیزی سے عمل درآمد کریں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کریں، بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر اور لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس ( یو این آئی ایف آئی ایل ) اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق اس معاہدے کے نفاذ کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔