رچرڈ گرینل کے بیان پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

Published On 25 December,2024 10:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکا کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل کے عمران خان سے متعلق بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے رچرڈ گرینل کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ امریکا اور یورپی یونین سمیت پوری دنیا اس وقت پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، جب بھی جس ملک میں انسانی حقوق پامال ہوں گے، سویلین کے ملٹری ٹرائل جیسے غیر قانونی اقدام ہوں گے، دنیا میں اس پر آواز اٹھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل کے حوالے سے کہوں گا کہ جب بھی کوئی پاکستان میں 9 مئی کے حوالے سے، 26 نومبر کے قتل عام کے حوالے سے، سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے حوالے سے اور خاص طور پر عمران خان کی رہائی کے حوالے سے آواز اٹھائے گا تو ہم اس کا شکریہ ادا کریں گے۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اس بات کہ دلیل ہے کہ ہم جو بات کہہ رہے ہیں دنیا اس کی تائید کرتی ہے۔