وزیر اعظم نے لیسکو میں کرپشن الزامات پر او ایس ڈی افسروں کی تعیناتیوں کا نوٹس لے لیا

Published On 03 January,2025 10:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے شہباز شریف نے لیسکو میں کرپشن کے الزامات پر او ایس ڈی ہونے والے افسران کی تعیناتیوں کا نوٹس لے لیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر پر کرپشن الزامات کی تحقیقات اور کرپٹ افسران کی تعیناتی کی انکوائری کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی ایف آئی اے افسران کی لیسکو کیسز کو چھپانے کے معاملے کی تحقیقات بھی کرے گی، 12 کرپٹ لیسکو افسران کی بحالی کا معاملہ بھی کمیٹی دیکھے گی۔

غیر قانونی الیکٹریفیکیشن اور تنصیبات کا بھی کمیٹی جائزہ لے گی، ہٹاچی کے بریکرز کی خریداری کا غیر قانونی طریقہ کار اور بےضابطگیوں کی تحقیقات بھی کمیٹی کرے گی۔

کمیتی گزشتہ جون میں ہونے والی اووربلنگ اور اس کے طریقہ کی خلاف ورزی کا بھی جائزہ لے گی، سابق لیسکو چیف محمد امین کی تعیناتی میں رولز پرعملدرآمد کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

سابق وفاقی سیکرٹری شاہد خان کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، ممبرز میں سیکرٹری پاور ڈویژن، لیسکو نمائندہ اور آئی بی کا نمائندہ شامل ہو گا، کمیٹی 10 روز میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔