پنجاب کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال تسلی بخش قرار

Published On 07 January,2025 03:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی اپیکس کمیٹی نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول اور سینئر عسکری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کی امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 6 ایجنڈے زیر بحث رہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش قرار دی گئی۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں سکیورٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کیلئے سکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی، چیمپئنز  ٹرافی کے موقع پر تمام کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔

دوران اجلاس چائنیز کی سکیورٹی سے متعلق عملدآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی ، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق مزید اقدامات کےلئے احکامات جاری کئے گئے ، اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مزید اہم ٹاسک سونپے گئے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک ڈسپلن کی خلاف ورزی سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ٹریفک ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں کےلئے ہیلمنٹ لازمی قرار دے دیا اور متعلقہ پولیس کو حکم ہر من و عن عملدرآمد کروانے کے احکاما ت جاری کردیے۔