عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی دباؤ نہیں، بنی گالہ منتقلی کی پیشکش نہیں کی: خواجہ آصف

Published On 11 January,2025 12:36 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی دباؤ نہیں ہے اور نہ ہی انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش کی ہے۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا تعلق عدالتوں سے ہے، باپ سے ملنے کیلئے بیٹوں کو آنا چاہیےیہ اولاد اور باپ کا حق ہے، اگر انکے خاندان میں ایسی روایات نہیں تو ان پر کمنٹ نہیں کروں گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جیل میں مجھے کمبل بھی نہیں دیا گیا ، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں کوشش کی کہ ان کو کسی قسم کی سہولت نہ دی جائے ، قیدی کو چارپائی دی جاتی ہے مجھے نہیں دی گئی ، منگل کے روز میرے بیٹے ملاقات کرتے تھے ، نواز شریف کو اپنی بیوی سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا دو اڑھائی سال کے دوران ہر حربہ ناکام رہا،یہ نامراد رہے، پی ٹی آئی ملک میں تباہی کرکے گئی تھی، اب معیشت کے تمام اشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں، کوششیں جاری ہیں کسی طرح سیاسی استحکام پیدا ہوسکے، پی ٹی آئی کی تخریبی سیاست کے باوجود یہ بہت بڑی تبدیلی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر ہوابازی کا یورپی پروازوں کی بحالی پر سیکرٹری ایوی ایشن و دیگر حکام کو خراج تحسین

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فرمائش پر ترسیلات زرکابند ہونا قطعی ناممکن ہے، اوورسیز پاکستانی ماہانہ اپنے گھروں میں پیسے بھیجتے ہیں، ان کی باتوں میں ذرا بھی صداقت نہیں ہے، جس نے بھی بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دیا اسکی سمجھ میں بہت کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یورپ کیلئے اپنی پرواز بھجواکر ایئر ٹریفک کا راستہ کھولا ہے، یورپ کے مختلف ملکوں کیلئے 19فلائیٹ آپریشنز شروع کریں گے، پی ٹی آئی کے دور سے یورپ،برطانیہ کیلئے فلائٹس بند تھیں، بیرون ملک پاکستانی بڑی مشکل سے گزررہے تھے، ہم ملکی استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام کررہےہیں، دہشتگردی ختم ہوجائے تو خود کفیل ہوجائیں گے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہماری معیشت بتدریج سنبھل رہی ہے، سیالکوٹ ایئرپورٹ کیلئے بزنس کمیونٹی کیساتھ شہبازشریف نے بڑا کردار ادا کیا، سیالکوٹ میں جو پیداوار ہوتی ہے برآمد کی جاتی ہے، اس شہر کو ’’بانڈڈ سٹی‘‘ قرار دیا جانا چاہیے۔