پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخاب کیس: بیرسٹر گوہر نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی

Published On 21 January,2025 11:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے جواب جمع کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے مہلت مانگ لی۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنز کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کی، بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیرسٹر صاحب! یہ کیس 30 اپریل 2024 سے چل رہا ہے، تاحال پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہیں کرایا گیا، آپ نے 5 درخواستوں اور نوٹس پر جواب جمع کرانا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دے چکے، درخواست گزاروں کی گزارشات کا جواب آئندہ سماعت پر جمع کرا دیں گے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ کا آڈٹ ہونا چاہیے، کیس کا فیصلہ ہونے تک پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس فریز کئے جائیں۔

پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر نے جواب جمع کرانے کیلئےالیکشن کمیشن سے مہلت مانگ لی، الیکشن کمیشن نے مہلت دیتے ہوئے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخاب کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔