لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی جبکہ خلاف ورزی پر سخت سزائیں ہوں گی۔
پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا بل منظور کر لیا ، پنجاب میں پتنگ بازی کی ممانعت کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور ہو گیا، صوبہ بھر میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر کم از کم 3 سے 7 سال تک قید کی سزا ہوگی ۔
پتنگ بازی، تیاری، فروخت اور نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا ، پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کے مقصد کیلئے تیز دھار مانجھے کے ساتھ تمام دھاگوں پر ہوگا ، پتنگ بازی سے متعلقہ مواد کی تیاری اور نقل و حمل پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
پنجاب میں پتنگ اڑانے والے کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی، پتنگ ساز اور ٹرانسپورٹر کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی، پتنگ بازی میں ملوث بچے کو پہلی بار 50 ہزار جبکہ دوسری بار ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پتنگ بازی کے دوران تیز دھار ڈور کے استعمال سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا قانون منظور کروایا گیا ہے۔