اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں کئی حجاج کی جانیں بچانے والے آصف بشیر کو ستارہ امتیاز عطا کر دیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی خدمات کے شعبے میں نمایاں خدمات پر آصف بشیر کو ستارہ امتیاز عطا کیا، اس سلسلہ میں تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔
آصف بشیر نے گزشتہ سال بطور معاونین حج غیرمعمولی اورقابل ستائش خدمات انجام دیں، 9 ذوالحج کو شدید گرمی کی وجہ سے کئی پاکستانی، بھارتی اور برطانوی معمر حجاج بے ہوش ہوگئے تھے۔
اس بحران کے دوران آصف بشیر اور ان کی 5 رکنی ٹیم نے متاثرہ عازمین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، کئی متاثرہ بھارتی عازمین کو بھی پاکستانی ٹیم نے امداد فراہم کی تھی۔
مشکل حالات میں آصف بشیر نے 26 عازمین جن میں17 بھارتی شامل تھے انہیں کندھوں پر اُٹھا کر ہسپتال پہنچایا اور ان کی فوری کارروائی کی بدولت ان افراد کی جانیں بچائی جاسکیں۔
آصف بشیرکی شاندارخدمات کے اعتراف میں بھارتی وزیراقلیتی امورنے بھی تعریفی خط لکھا تھا۔