اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کے تمام اعشاریئے مثبت، کل وزیراعظم حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، کل 4 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نے سیاست قربان کر کے ریاست کو بچایا ہے،ہم نے سیاسی فیصلے نہیں ملکی مفاد میں فیصلے کیے، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملکی بہتری کے لیے فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی آج کم ترین سطح پر ہے، ساڑھے 9 سال بعد یہ مہنگائی کی کم ترین سطح ہے، اس میں محنت، ٹیم ورک اور ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، معاشی بحالی میں آرمی چیف کا کردار قابل ستائش ہے، ہر سیکٹر میں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کےخلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے، پاکستان کی تباہی کی دعائیں کرنے والے آج خود تقسیم کا شکار ہیں، پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں ایک بار پھر کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹ میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، معیشت کے تمام اعشاریئے مثبت ہیں، کھوکھلے نعرے لگانے والوں نے بسیں چلائیں تو الٹی چل پڑیں، کھوکھلے نعرے لگانے والوں کی خیبرپختونخوا میں کیا کارکردگی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان کا ٹرن راؤنڈ ہوا، شکر ادا کرتے ہیں، کل کا دن بڑا اہم دن ہے، وزیراعظم قوم کے سامنے حقائق رکھیں گے، معاشی اشاریئے بہتر ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہیں، ملکی معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، کامیاب پالیسیوں کی بدولت معیشت کے تمام اشاریئے مثبت ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ میں غبن کرنے والے آج سزا بھگت رہے ہیں، اب یہ آپس میں ایک دوسرے کا گریبان پکڑ رہے ہیں، عوام دھرنا، جلاؤ گھیراؤ نہیں خوشحالی چاہتے ہیں، رمضان میں مہنگی اشیا بیچنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، بجلی، گیس کے بلوں میں سبسڈی دی گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اعداد و شمار کبھی جھوٹ نہیں بولتے، کھوکھلے نعرے، جھوٹ بہتان اور آپس کی لڑائیاں کوئی نہیں چاہتا، پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ مہنگائی کیسے کم ہوگی، آج نظر آ رہا ہے کہ مہنگائی کم ہو رہی ہے، بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، پی ٹی آئی دور میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، پی ٹی آئی والوں نے صرف اپنی جیبیں بھریں، اڑان پاکستان پائیدار ترقی کا منصوبہ ہے۔