روم (دنیا نیوز) اٹلی کے شہر روم میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر سفارتخانے کے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا، صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، پاکستان کے سفیر علی جاوید نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی منصفانہ اور قانونی جدوجہد پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستانی سفیر علی جاوید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طویل ترین قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، سفیر نے کشمیر کاز اور مسئلہ فلسطین کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان کے سفیر نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی اور 2024ء میں 1.12 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے کو سراہا، سفیر نے 2024ء میں 1.13 بلین ڈالر کے حساب سے لگاتار تیسرے سال اٹلی کی طرف سے درآمد کی گئی بے مثال بلین ڈالر مالیت کی پاکستانی مصنوعات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 1.5 بلین ڈالر کے قریب ہے، سفیر نے پاک اٹلی سٹریٹجک تعلقات میں نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی۔