پولیو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی حفاظت کیلئے نئی آپریشنل گائیڈ لائن جاری

Published On 27 March,2025 08:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پولیو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی حفاظت کے لئے نئی آپریشنل گائیڈ لائن جاری کر دی گئی۔

آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ آپریشنل گائیڈ لائن 7 بڑے رہنما اصولوں کو بنیاد بناتے ہوئے جاری کی گئی، گائیڈ لائن میں سکیورٹی پروٹوکول کی پابندی، حفاظتی سامان اور آلات، ذاتی رویہ اور تیاری شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعیناتی کے اصول ، حفاظتی اقدامات، ٹیکنالوجی کا استعمال، مقامی حکام سے تعاون، ہنگامی ردعمل کے اصول بھی گائیڈ لائن کا حصہ ہیں، پولیو ویکسی نیشن ڈیوٹی کے دوران پولیس اہلکاروں کو ان سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ گائیڈ لائن کے مطابق تمام پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر تعیناتی سے قبل بریفنگ دی جائیگی، بریفنگ میں سکیورٹی خدشات، ممکنہ حملوں کے مقامات اور ہنگامی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ تمام پولیس اہلکاروں کے لیے حفاظتی ساز و سامان کا استعمال، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہننا لازمی ہے، پولیو ڈیوٹی پر جانے سے قبل تمام اسلحہ چیک کروانا، قابل استعمال ریڈیو یا دیگر مواصلاتی آلات فراہم کرنا لازمی ہے۔

گائیڈ لائن میں انسداد پولیو مہم کے دوران موبائل فون کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے، حساس علاقوں میں جہاں ممکن ہو ڈرونز اورنگرانی کیمروں کا استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذوالفقار حمید نے مقامی کمیونٹی کا تعاون، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور کسی بھی حملے یا سکیورٹی خلاف روزی کی فوری اطلاع قریبی پولیس سٹیشن، ضلعی کمانڈ سینٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں ریپڈ رسپانس یونٹ پر مشتمل ایک فوری ردعمل ٹیم ہر وقت تیار رہے گی۔