نظر بندی قانون: جسٹس خالد اسحاق کی کیس سننے سے معذرت، پانچ رکنی بنچ تحلیل

Published On 07 April,2025 11:41 am

لاہور: (محمد اشفاق) نظر بندی قانون کے سیکشن تین کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی بنچ تحلیل ہوگیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں نظر بندی قانون کے سیکشن تین کے خلاف درخواستوں پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، لارجر بینچ میں جسٹس چوہدری اقبال ،جسٹس فاروق حیدر ،جسٹس امجد رفیق اور جسٹس خالد اسحاق شامل ہیں۔

دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس فاروق حیدر نے آگاہ کیا کہ کیس میں معزز جج جسٹس خالد اسحاق ستائیس اے کے نوٹس کے تحت رپورٹ فائل کر چکے ہیں۔

جسٹس خالد اسحاق کی جانب سے کیس سننے سے معذرت کے بعد بینچ تحلیل ہوگیا، اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے بطور سنگل بینچ نظر بندی قانون کے سیکشن تین کو معطل کردیا تھا جس کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اس مقدمہ کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ اس کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے کہا تھا کہ ہمارے ملک کی کسی عدالت نے نظر بندی کے قانون کے آپریشن کو معطل نہیں کیا، اس قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں جس کے بعد چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس مقدمے کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جو جسٹس خالد اسحاق کی معذرت کے بعد تحلیل ہوگیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم اس کیس کی سماعت کے لیے نیالارجر بینچ تشکیل دیں گی۔