ضلع کچہری لاہور میں سہولت سینٹر اور انتظار گاہ کا افتتاح

Published On 11 April,2025 01:45 pm

لاہور: (محمد اشفاق) سائلین اب کچہریوں میں زمین پر بیٹھ کر کیسز کا انتظار نہیں کریں گے، ضلع کچہری لاہور میں سہولت سینٹر اور انتظار گاہ کا افتتاح کر دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نسیم احمد ورک سائلین کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، بیٹھنے کی جگہ کم ہونے کے باعث سائلین کیسز کا انتظار زمین پر بیٹھ کر کرتے تھے جبکہ سہولت سینٹر نہ ہونے سے مقدمات کی نقول سمیت دیگر معاملات پر وکلا کو بھی مشکلات کا سامنا رہتا تھا جس پر سیشن جج لاہور نسیم احمد ورک نے فوری ایکشن لیا اور سینئرر سول جج شفقت عباس کو انتظار گاہ اور سہولت سینٹر بنوانے کا حکم دیا۔

افتتاحی تقریب میں صدر لاہور بار مبشر رحمان چوہدری اور سیکرٹری لاہور بار نصیر احمد بھلہ نے شرکت کی، سہولت سینٹر اور سائلین انتظار گاہ کے افتتاح کے موقع پر لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج اور سینئر سول ججز اور سول ججز بھی موجود تھے۔

سائلین کو سہولت سینٹر ضلع کچہری لاہور میں ایف آئی آر کی نقول کی فراہمی ہو گی، اس سینٹر میں سائلین کیلئے ایم ایل سی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی سہولت بھی ہو گی، زیر التوا مقدمات میں آئندہ تاریخ سماعت کی فراہمی بھی ہو گی۔

سہولت سینٹر میں سائلین کیلئے عدالتوں کی لوکیشن اور عدالتوں کے کام میں تفصیل میسر ہو گی، سائلین اور وکلا کیلئے جیل سے ملزمان سے وکالت نامہ سائن کرانے کی سہولت بھی ہو گی۔