شادی کی تقریب میں مضر کھانا کھانے سے 200 سے زائد افراد کی حالت غیر

Published On 14 April,2025 06:27 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) گوجر خان میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے 200 سے زائد افراد کی حالت خراب ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق شادی کی تقریب میں کھانا کھانے سے لوگوں کی کثیر تعداد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئی، متاثرہ افراد کی تعداد 200 سے زیادہ ہے، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان موقع پر پہنچ گئے، محکمہ صحت اور فوڈ حکام بھی پہنچ گئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کو فوڈ سیفٹی ٹیمیں موقع پر بھیجنے کی ہدایت کردی۔

معاون خصوصی سلمی بٹ نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں حقائق کی روشنی میں رپورٹس مرتب کریں گی۔