لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز کی او پی ڈیز مکمل بند ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز و دیگر عملے کی جانب سے او پی ڈی میں مکمل ہڑتال کی گئی، او پی ڈی کو تالے لگا دیئے گئے، گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے ہسپتالوں کی نجکاری کی روک تھام تک احتجاجوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
نرسز، پیرا میڈیکس اور ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس نہ کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے، دھرنے میں شریک ہیلتھ ورکرز نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ایک ماہ نہیں بلکہ کئی ماہ تک یہیں ڈیرے جمائے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر نجکاری کا فیصلہ واپس لینا ہو گا ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔
صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کر کے عام آدمی پر بوجھ ڈالنے جا رہی ہے، علاج معالجہ مزید مہنگا ہو جائے گا، 11 اپریل (آج) سے آؤٹ ڈور سروسز غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کریں گے۔
او پی ڈی کی ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو شدید خواری کا سامنا ہے، مریض دور دراز سے اپنا علاج معالجہ کرانے کیلئے آتے ہیں۔