لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج سے بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔
آج سے 20 اپریل کے دوران اسلام آباد، پنجاب ،مری، گلیات خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں 18 اپریل تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
18 اور 19 اپریل کے دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن ، وہاڑی اور اوکاڑہ میں آندھی چلنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا الرٹ
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 اپریل سے 20 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں، رواں ماہ کے اختتام پر پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اصافہ ہو گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، سکول ایجوکیشن، محکمہ صحت آبپاشی، تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔