اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ہزیمت چھپانے کیلئے جھوٹی خبروں کا سہارا لے رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چانکیہ نیتی کا نظریہ جو فریب، دھوکہ، گمراہ کن معلومات، اور جھوٹے بیانیے پر مبنی قدیم بھارتی فلسفہ ہے جو اِس کی شناخت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میکیاویلی سے ہزار سال پہلے وضع کیا گیا کہ دھوکہ اور جھوٹ پہ مبنی حکمت عملی واضح طور پر نظر آتی ہے، بھارت، پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں ہونے والی ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کو چھپانے کے لیے جھوٹی خبروں کا سہارا لے رہا ہے ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے بلکہ تین جدید اور بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے، رافیل طیارے بھی تباہ کیے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اپنی اس سٹریٹیجک ناکامی کو جھوٹے بیانیوں سے چھپانے کا یہ طرز عمل محض پروپیگنڈا نہیں بلکہ ایک خطرناک خود فریبی ہے، جو خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔