بھارتی دہشت گردی سے خطے میں کوئی بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے: شیری رحمان

Published On 19 December,2025 10:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کو کوئی جواب نہیں دیا، بھارتی دہشت گردی سے خطے میں کوئی بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھارت کو وقت دیا مگر اس نے جواب نہیں دیا، بھارت انٹرنیشنل ٹیررازم میں ملوث پایا گیا، سڈنی فائرنگ واقعہ میں بھی بھارتی شہری ملوث پائے گئے۔

شیری رحمان نے بتایا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس بھی دیکھے کہ بھارت کا دہشتگردی میں کیا کردار ہے، یواین رپورٹ میں بڑے تنازعات پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا، بھارت دہشتگردی اورسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ پاکستان کے بیانیے کو انٹرنیشل سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان کا مؤقف سچ اورحقائق پر مبنی تھا، بھارت کا رویہ بہت غیر ذمہ دارانہ ہے۔

سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی پراکسیز دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارت کا اصل چہرہ انٹرنیشنل کمیونٹیز کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے، بھارت کے پاس اس وقت کسی چیز کا جواب نہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہمیشہ امن کی خواہش رکھی۔