سیالکوٹ: (دنیا نیوز) پی پی 52 سمبڑیال میں ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا۔
پی پی 52 کے ضمنی انتخاب کے تمام 185 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، مسلم لیگ ن کی حنا ارشد وڑائچ 78 ہزار 702 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہیں۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ فاخر نشاط گھمن 39 ہزار 18 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، 185 پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ ن کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ کو 39 ہزار 684 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل ہوئی، ریٹرننگ آفیسر نے فارم 47 جاری کر دیا۔
ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 سے شام پانچ بجے تک جاری رہا اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تاہم دس منٹ کیلئے الیکشن کمشنر کی جانب سے ووٹنگ روکی گئی تھی۔
ضمنی الیکشن کے دوران دن بھر پولنگ سٹیشنز پر گہما گہمی رہی، دونوں پارٹیوں کے کارکنوں میں جھگڑا بھی ہوا اور نعرے بازی بھی چلتی رہی، اس دوران دھاندلی کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے۔
حلقے میں 2 لاکھ 96 ہزار 563 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن کیلئے 185 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے اور ان میں سے 11 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔
حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اپنے مرحوم والد کے نام کر دیا، جیت پر حنا ارشد وڑائچ کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔
واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔